Subscribe Us

header ads

لاک ڈاؤن کے طویل ہونے کی صورت میں کچھ خاص اقدامات جو کہ ہر انسان کو مشکلات سے بچا سکتے ہیں؟

کرونا وائرس کے حوالے سے اگرچہ پاکستان ابھی بہت سارے ملکوں کے مقابلے میں کافی محفوظ صورتحال کا سامنا کر رہا ہے- مگر بڑھتی ہوئی کرونا متاثرین کی شرح کے سبب اس بات کے آثار بھی پیدا ہو رہے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ یہ لاک ڈاؤن غیر متعین مدت تک بڑھ بھی جائے--- ان حالات میں وہی انسان کامیابی سے وقت گزار سکے گا جو کہ اس وقت کے لیے پہلے ہی سے پلاننگ کرے گا۔ لاک ڈاؤن کے طویل ہونے کی صورت میں انسان کو جن چیزوں کی سب سے زيادہ ضرورت ہو گی ان میں ایک تو راشن اور دوسرا بچت کی گئی رقم ۔ کچھ اخراجات ایسے ہوں گے جن کی ادائیگی لازم ہو گی جیسے کہ بچوں کے تعلیمی اخراجات ، یوٹیلٹی بل اور کرایہ وغیرہ مگر اس موقع پر غیر ضروری اخراجات کا خاتمہ کس طرح کیا جا سکتا ہے اس حوالے سے ہم آپ کو کچھ طریقے بتائيں گے-

1: جم اور ایسے کلب میں ممبر شپ کو ختم کر دیں
اکثر لوگوں نے اپنے شام کے وقت کو اچھے طریقے سے گزارنے کے لیے مختلف قسم کے کلب اور گروپ میں ممبر شپ اختیار کی ہوتی ہے جس کی ماہانہ فیس کی ادائیگی کی اس لاک ڈاؤن کے وقت میں بچت کی جا سکتی ہے- اور اس کے بدلے میں ان پیسوں کو بچایا جا سکتا ہے کیونکہ لاک ڈاؤن کے اس دور میں اس طرح کی ایکٹیوٹی سوشل ڈسٹینسنگ کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے اور اس سے بچ کر پیسے بھی بچائے جا سکتے ہیں-

2: موبائل فون کے بل کو محدود کر دیں
اب یہ وقت ہے جب کہ زیادہ تر لوگ دفتر جانے کے بجائے اپنے گھر سے کام کر رہے ہیں اور گھر کے تمام افراد ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اس وجہ سے ان سے رابطے کے لیے ٹیلی فون کی ضرورت کم ہو گئی ہے- اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے موبائل فون کے بل کو بھی محدود کر کے اس کے پیسے بھی بچائے جا سکتے ہیں-

3: کریڈٹ کارڈ کو بند یا محدود کر دیں
فنانشل ادارے لوگوں کو ان کی طاقت سے زیادہ اخراجات کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے کریڈٹ کارڈ کی سہولت فراہم کرتے ہیں جس سے انسان اپنی مرضی کے اخراجات زیادہ سے زیادہ ادھار پر چـلتے پھرتے کر لیتے ہیں- اور اس کے بدلے میں ان کمپنیوں کو انٹرسٹ یا سود طےش دہ شرح میں دیا جاتا ہے اس وقت جب کہ آپ گھر تک محدود ہیں تو اضافی سود سےجان چھڑائی جا سکتی ہے اور کریڈٹ کارڈ کو بند کروا کر نہ صرف بچت کی جا سکتی ہے بلکہ اس کے ساتھ سود کے وبال سے بھی خود کو بچایا جا سکتا ہے-

4: صرف ضروری اشیا پر رقم خرچ کریں
لاک ڈاؤن کا یہ وقت بہت غیر یقینی کا وقت ہے اس دوران لوگوں کو اس بارے میں نہیں یقین کے آنے والے مہینے میں ان کو تنخواہ مل بھی پائے گی یا نہیں اور اس بات کا بھی یقین نہیں ہے کہ مارکیٹ میں جو کچھ میسر ہے کیا آنے والے وقت میں یہ سب بھی مل سکے گا یا نہیں- ایسے وقت میں سب سے پہلے ضروری اشیا کی فہرست بنائیں اور کوشش کریں کہ جب خریداری کے لیے جائيں تو اپنی لسٹ کے مطابق ہی خریداری کریں ریک پر پڑی ہوئی غیر ضروری اشیا کی خریداری سے اجتناب برتیں تاکہ فاضل اخراجات سے بچ سکیں-

5: آنے والے اخراجات کے لیے تیار رہیں
آنے والے وقت میں جب کہ رمضان کی آمد آمد ہے اس کے ساتھ ساتھ عید کی تیاری اور اس کے بعد بچوں کے تعلیمی اخراجات جو کہ نئے سیشن کے آغاز میں ہوتے ہیں ان کے لیے بھی بچت ضروری ہے اور آنے والے وقت کے لیے پہلے سے تیاری کر کے کل کی پریشانی سے بچا جا سکتا ہے-

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے